سنگاپور اوپن :ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چندکو سیمی فائنل میں شکست

   

سنگا پور : ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند کی شاندار دوڑ کا اختتام ہفتہ کو سنگاپور میں سیمی فائنل میں عالمی نمبر 4 کے ہاتھوں سیدھی گیم میں شکست کے ساتھ ہوا۔سنگاپور اوپن میں اس شکست کے ساتھ ہی بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سوپر 750 میں ہندوستان کی مہم بھی ختم ہوگئی۔ ٹاپ 10 کھلاڑیوں کے خلاف جیت کی ہیٹ ٹرک پر نظر رکھتے ہوئے غیر سیڈڈ ہندوستانی جاپانیوں کیلئے کوئی سخت مقابلہ نہیں تھے جنہوں نے 47 منٹ میں 23۔21‘ 21۔11 سے میاچ میں جیت حاصل کی۔ جاپانی جوڑی نے اس طرح فروری میں ایشیا ٹیم چیمپئن شپ میں ٹریسا گایتری کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کا بدلہ لیا۔جاپانی اب ہندوستانی عالمی نمبر 30 جوڑی کے خلاف 3۔1 سے آگے ہیں۔کامن ویلتھ گیمز کی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ٹریسا اور گایتری نے پہلے گیم میں اچھا مظاہرہ کیا جب انہوں نے 5۔10 سے نیچے رہنے کے بعد اسے 16۔16 تک پہنچا دیا۔متسویاما اور شیدا نے تاہم غلبہ برقرار رکھا اور 20۔18 پر گیم پوائنٹ حاصل کیا۔ لیکن ہندوستانیوں نے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا اور اسے برابر کرنے کے لیے دو گیم پوائنٹ بچائے۔جاپانی دوبارہ آگے بڑھے لیکن ٹریسا اور گایتری نے ایک اور گیم پوائنٹ بچا کر اسے 21۔21 کر دیا اس سے پہلے کہ نمی اور چیہارو نے میچ میں 1۔0 کی برتری حاصل کی۔دوسرا گیم جاپانیوں کے لیے یک طرفہ تھا کیونکہ انھوں نے 20۔6 کی زبردست برتری حاصل کر لی تھی ۔ یہ فرق بہت بڑا تھا اس طرح ماتسویاما اور شیدا نے فائنل میں جگہ حاصل کی۔ہندوستانی جوڑی نے اس سے قبل پری کوارٹر میں دنیا کے نمبر 2۔ بایک ہا نا اور لی سو ہی کو اور دنیا کے نمبر 6 کو باہر کیا تھا۔