ہندوستان اس درجہ بندی میں 80 ویں مقام پر ، 55 ممالک میں بغیر ویزا سفر کے اہل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : دی ہنری پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ ایک بار پھر سنگاپور کا قرار پایا ہے ۔ جو مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں نمبر ون رہا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا کے سفر کرسکتے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے اس سال نمایاں بہتری دکھائی ہے ۔ ہندوستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 80 ویں نمبر پر رہا ہے ۔ جب کہ گذشتہ سال یہ 85 ویں مقام پر تھا ۔ انڈیکس کے مطابق ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والے اس وقت 55 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں اگرچہ کے 2025 میں ہندوستان 85 ویں پوزیشن پر تھا اس وقت ہندوستانی شہری بغیر ویزا کے 57 ممالک کا سفر کرنے کے اہل تھے ۔ انڈیکس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا بین الاقوامی سفری آزادی کے معاملے میں ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کی پوزیشن اپنے بعض پڑوسی ممالک جیسے سری لنکا ، پاکستان ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے شہریوں کے مقابلے بہتر ہوئی ہے ۔ تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کے باوجود ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو دنیا کے کئی ممالک میں اب بھی امتیازی رویے اور سخت سفری شرائط کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ خاص طور پر ان ممالک کے مقابلے میں جو اس انڈیکس میں سرفہرست ہیں ۔ فہرست میں دوسرے مقام پر جاپان اور جنوبی کوریا ہیں ۔ جن کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری تقریبا 188 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کرسکتے ہیں ۔ تیسرے مقام پر ڈنمارک ، لکسمبرک ، اسپین ، سویڈن اور سوئزرلینڈ شامل ہیں جہاں کے شہری 186 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں ۔ چوتھے مقام پر آسٹریا ، بلیجیم ، فرانس ، جرمنی ، یونان ، آئرلینڈ ، ہالینڈ اور ناروے ہیں ۔ جن کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو 185 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے ۔ پانچویں مقام پر ہنگری ، پرتگال ، سلوواکیہ اور متحدہ عرب امارت شامل ہیں ۔ جن کے شہری 184 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں ۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کئی ممالک میں اگرچہ پیشگی ویزا کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ لیکن وہاں پہونچنے پر ’ویزا آن ارائیول ‘ حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے ۔ دی ہنری پاسپورٹ انڈیکس دنیا بھر کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر رکھتا ہے کہ کس ملک کے شہری کتنے ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن آرائیول کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں جسے عالمی سفری آزادی کا اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے ۔۔ 2