سنگاپور : سنگاپور میں ایک ہفتے کے دوران دوسرے مجرم کو سزائے موت دے دی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آج ایک 59 سالہ مقامی شخص کو منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں پھانسی دی گئی جسے کم از کم 35.85 گرام (1.3 اونس) خالص ہیروئن کی اسمگلنگ کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔حکام کے مطابق مجرم نے اپنی سزا اور فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی اور اپیل کورٹ نے 11 مئی 2022ء کو یہ اپیل مسترد کردی تھی جبکہ صدر کو دی گئی معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی تھی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل جمعہ کو بھی ایک 45 سالہ شخص کو 36.93 گرام ہیروئن اسمگل کرنے کے جرم میں پھانسی دی گئی تھی جبکہ فروری میں 35 سالہ بنگلادیشی شخص احمد سلیم کو اپنی سابق منگیتر کے قتل کے جرم میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سنگاپور نے کورونا کی وبا کے دوران 2 سال تک پھانسی پر پابندی لگا دی تھی جس کے بعد مارچ 2022ء میں سزائے موت پر عمل درآمد دوبارہ شروع کیا گیا۔