سنگاپور گول میز کانفرنس کے تیسرے دور کا آج سے آغاز

   

نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) ہندوستان اور سنگاپور کے مابین باہمی تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے گول میز کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزارتی گول میز کانفرنس کا تیسرا دور چہارشنبہ کو دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوگا۔ وزارت خارجہ نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ مالیات اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل اور ریلوے ، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو اس میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔ سنگاپور کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر تجارت و صنعت گان کم یونگ، قومی سلامتی کے رابطہ کار اور وزیر داخلہ کے شنموگم، وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بال کرشنن، ڈیجیٹل ترقی اور اطلاعات کے وزیر جوزفین ٹیو، افرادی قوت کے وزیر ڈاکٹر ٹین سی لینگ اور قائم مقام وزیر ٹرانسپورٹ جیفری سیو کریں گے ۔ یہ کانفرنس ہندوستان-سنگاپور تعاون کے لیے ایک نیا ایجنڈا طے کرنے کا ایک منفرد طریقہ کار ہے ۔
اس کا افتتاحی اجلاس ستمبر 2022 دہلی میں ہو ا تھا اور دوسری میٹنگ اگست 2024 سنگاپور میں ہوئی۔
ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے ۔ سربراہی اجلاس کے تیسرے دور میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسیع اور گہرا کرنے کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔