سنگاکارا کی ورلڈ کپ میں انگلش سہولیات پر شدید تنقید

   

لندن۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے ورلڈ کپ کیلئے انگلش سہولیات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بارش کی وجہ سے میچز متاثر نہیں ہو رہے بلکہ پانی کی نکاسی کے خراب نظام کی وجہ سے گراؤنڈ سے بروقت پانی کا اخراج نہیں ہو پاتا جس پر امپائرزکو میچ ختم کرنا پڑتا ہے۔ مختلف میدانوں پر الگ صورتحال نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بر سٹل میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ زیادہ گیلے میدان کی وجہ سے نہ ہو سکا جبکہ ساؤتھمپٹن میں پورے ہفتے بارش کے باوجود انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ممکن ہوا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں تمام گراؤنڈز اور مقامات پریکساں سہولیات ہونا چاہئیں تاکہ کسی بھی ٹیم کے ساتھ زیادتی نہ ہو سکے تاہم اس میگا ایونٹ میں ایسا نہیں۔ سابق وکٹ کیپر کے مطابق کچھ ٹیموں کو انگلش حالات سے ہم آہنگ کرنے میں جدوجہد کا سامنا ہے جس سے اْن میں پیدا ہونے والی مایوسی بھی سمجھ آتی ہے جبکہ بڑی شرم کی بات ہے کہ بارش میں پورے میدان کو ڈھکا نہیں جارہا جبکہ سری لنکا تک میں ایسا ہوتا ہے۔