سنگا ریڈی :شبِ برأت عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی

   

سنگا ریڈی ۔ 4 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی میں شبِ برأت نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر شہر کی تمام مساجد کو دیدہ زیب روشنیوں سے آراستہ کیا گیا، جب کہ مختلف مساجد میں شبِ برأت کی فضیلت پر خصوصی جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔شبِ برأت کے موقع پر فیضی چمن بڑے قبرستان میں خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ زائرین کی سہولت کے لیے قبرستان میں بہترین لائٹنگ سسٹم نصب کیا گیا صاف صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ بڑی تعداد میں مسلمانوں نے قبرستان پہنچ کر اپنے مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت میں مشغول رہے۔اس موقع پر حافظ عبدالقیوم اور حافظ عبدالرزاق مسلمانوں کے ہمراہ فیضی چمن قبرستان پہنچے، جہاں انہوں نے یٰسین شریف، سورۂ ملک، درودِ تاج اور سلام پیش کرتے ہوئے مرحومین کے لئے اجتماعی دعا کی ۔ حافظ عبدالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شبِ برأت مغفرت اور رحمت کی عظیم رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت رات کو عبادت، دعا اور استغفار میں گزاریں اور نماز، روزہ، اسلامی طرزِ زندگی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ والدین کی خدمت پر خصوصی توجہ دیں ۔ واضح رہے کہ سنگا ریڈی میں ہر سال شبِ برأت کے موقع پر فیضی چمن بڑے قبرستان میں دعائے مغفرت کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔