سنگا ریڈی ضلع میں ایندھن کی کمی نہیں، افواہوں پر یقین نہ کریں: ایڈیشنل کلکٹر

   

سنگاریڈی۔ 27 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی (کھانا پکانے والی گیس) کی کسی قسم کی کمی نہیں ہے، یہ بات ایڈیشنل کلکٹر مادھوری نے واضح کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔سنگا ریڈی کلکٹریٹ میں سیویل سپلائیز کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران ایندھن کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ایندھن کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں اور پٹرول پمپوں اور گیس ایجنسیوں کو سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پٹرول پمپوں پر لمبی قطاروں کو دیکھ کر عوام یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایندھن کی کمی ہے، جو کہ غلط ہے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے پٹرول ڈیزل اور گیس کی سپلائی پر توجہ دی جا رہی ہے۔عام طور پر ضلع میں روزانہ تقریباً 10 ہزار ایل پی جی سلنڈرز کی بکنگ ہوتی ہے، لیکن افواہوں کے باعث یہ تعداد بڑھ کر 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے باوجود سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور باقاعدہ کوٹہ فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کو کنٹینرز یا بوتلوں میں لے جانا غیر قانونی اور خطرناک ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ گیس ایجنسیوں اور ڈیلرز کی سرگرمیوں پر مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے، اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی حالیہ خبروں کے مطابق بھی حکومت مسلسل یہی واضح کر رہی ہے کہ ایندھن کی کمی نہیں ہے، بلکہ افواہوں کی وجہ سے اچانک مانگ بڑھ گئی ہے اور لمبی قطاروں سے عوام میں بے چینی پیدا ہو گئی تھی۔