امجد اللہ خالد کا دورہ ، اشرار کی گرفتاری اور 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) سنگا ریڈی ضلع کے اننتارم گرام پنچایت میں کمسن مسلم لڑکی کی اشرار کے حملے میں ہلاکت پر مقامی مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ 15 سالہ عالیہ بیگم نے مقامی افراد کے ساتھ اپنے والد محمد اسمعیل کے جھگڑے میں بیچ بچاُؤ کی کوشش کی تھی لیکن ویرا ریڈی اور وجئے ریڈی نے ان پر وزنی پتھروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں والد اور لڑکی دونوں زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ 11 فبروری کو گمڈی دالا گاؤں میں پیش آیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد اسمعیل اپنے مکان سے متصل اراضی پر حوائج ضروریہ کیلئے پہونچے جس پر مقامی غیر مسلم افراد نے اعتراض کیا ۔ بعد میں ویرا ریڈی اور وجئے ریڈی نے تقریبا 40 افراد کے ساتھ اسمعیل کے مکان پر حملہ کردیا ۔ کمسن لڑکی نے اپنے والد کو بچانے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں نے عالیہ بیگم کو بھی نشانہ بنایا ۔ عالیہ بیگم کو زخمی حالت میں مقامی سرکاری دواخانہ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سنگا ریڈی ویلنس ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران 16 فبروری کو عالیہ بیگم کی موت واقع ہوگئی ۔ ایم بی ٹی کے ترجمان جناب امجد اللہ خان خالد نے اطلاع ملتے ہیں اننتارم گرام پنچایت کا دورہ کرنے کی کوشش لیکن پولیس نے گاؤں میں داخلہ سے انہیں روک دیا ۔ امجد اللہ خالد نے گاوں کے باہر پولیس کے رویہ کے خلاف احتجاج کیا تاہم مقامی افراد کی ہراسانی سے مسلم خاندان کو بچانے کیلئے وہ واپس ہوگئے ۔ امجد اللہ خاں خالد نے اس واقعہ کی ہائیکورٹ کے برسر خدمت جج سے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے تمام حملہ آوروں کی گرفتاری اورپسماندگان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے خاندان کے کسی فرد کو سرکاری ملازمت اور اندرماںہاوزنگ اسکیم سے مکان الاٹ کرنے کی مانگ بھی کی ۔