سنگا ریڈی کے زیر التواء مسائل کیلئے مختلف وزراء سے نمائندگی

   

پانی کی سربراہی کو ترجیح دی جائے، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ سنگا ریڈی اسمبلی حلقہ کے زیر التواء مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں اسپیکر کی موجودگی میں تمام متعلقہ وزراء سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ محبوب ساگر تالاب کے لئے 200 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے جسے سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کی وزیر سیاحت سے درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شلپا رامم کے زیر التواء کاموں کی تکمیل کیلئے 5 کروڑ روپئے منظور کئے جائیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے اس بیان کا خیرمقدم کیا کہ سنگور اور منجیرا میں پانی کی کمی کے باعث ملانا ساگر کے ذریعہ سنگا ریڈی کو پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملانا ساگر کا پانی سنگاریڈی پہنچنے تک پٹن چیرو سے گوداوری کا پانی سربراہ کیا جائے ۔ انہوں نے سنگاریڈی میں تارا ڈگری کالج کی توسیع اور یونیورسٹی منظور کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی میں سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوںکی کمی ہے۔ لہذا سی ٹی اسکیان اور دیگر آلات کا انتظام کرنے پر زور دیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ان کے اسمبلی حلقہ کے تحت دو میونسپالٹیز کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے فنڈس کی اجرائی کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ سابق میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے غریبوں کیلئے امکنہ اراضی کی فراہمی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ بعد میں امکنہ اراضی غریبوں کے نام پر ریگولرائز نہیں کی گئی۔ انہوں نے غریبوں کے نام پر اراضی منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگا ریڈی میں اسائینڈ اراضیات موجود ہیں۔ یہ اراضی 40,000 افراد کو الاٹ کی جاسکتی ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے سنگا ریڈی کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔