بی ونود کمار نے یونیورسٹی کا دورہ کیا
حیدرآباد ۔7۔ جولائی (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے سنگاپور میں نان یانگ ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ وائس پریسیڈنٹ پروفیسر ٹم وائیٹ اور سینئر اگزیکیٹیو ڈائرکٹر پروفیسر بی وی آرچودھری نے ونود کمار کا استقبال کیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے نائب صدرنشین اور وائس چانسلر راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج اینڈ ٹکنالوجی باسر ، پروفیسر وی وینکٹ رمنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نان یانگ ٹکنالوجیکل یونیورسٹی سنگا پور کی دو بڑی یونیورسٹیز میں سے ایک ہے ۔ یونیورسٹی نے تلنگانہ کے اداروں کے ساتھ تعلیم تدریس اور ریسرچ کے شعبہ جات میں باہمی تعاون سے اتفاق کیا ہے ۔ یونیورسٹی اور تلنگانہ حکومت کے درمیان فیکلٹیز اور طلبہ کے باہم تبادلہ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ پروفیسر ٹم وائیٹ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مختلف شعبہ جات کی ترقی کی ستائش کی جن میں برقی ، آبرسانی ، انفراسٹریکچر اور صنعتی ترقی شامل ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ میں دلچسپی ظاہر کی ۔ بی ونود کمار نے تلنگانہ میں غریبوں کو بہتر اور معیاری تعلیم کے مواقع کی فراہمی سے واقف کرایا ۔ انہوں نے اسکول سے ڈگری کی سطح تک اقامتی اداروں کے قیام کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، ٹکنالوجی ، فارما ، بائیو سائنس ، لائیف سائنس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ جات میں بیرونی یونیورسٹیز سے اشتراک کی گنجائش ہے۔ بی ونود کمار نے اسوسی ایٹ پروفیسر یوسف علی کو دورہ تلنگانہ کی دعوت دی۔ ونود کمار کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا گیا ۔ پروفیسر بی وینکٹ رمنا نے تلنگانہ یونیورسٹیز اور کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی سرگرمیوں سے واقف کرایا ۔ ر