گواہاٹی، 20 ستمبر (یو این آئی) آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے ہفتہ کے روز کہا کہ آنجہانی گلوکار زوبین گرگ کی میت اتوار کی صبح تک آسام لائی جائے گی ۔ سرما نے بتایا کہ سنگاپور میں زوبین کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے اور ان کے جسدِ خاکی کو آج شام نئی دہلی لایا جائے گا، جہاں سے کل صبح تک گواہاٹی پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے جسدِ خاکی کو گواہاٹی میں ان کے گھر لے جایا جائے گا تاکہ اہل خانہ انہیں آخری دیدار اور خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔ اس کے بعد تقریباً ایک گھنٹے میں اسے ساروسوجائی اسٹیڈیم منتقل کیا جائے گا، جہاں عام لوگ بھی انہیں خراج عقیدت پیش کر سکیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے ریاست بھر سے آنے والے لوگوں کے لیے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ کل گواہاٹی میں ٹریفک نظام کو بحال رکھنے کے لیے بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔