حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کی جانب سے سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ نے سنگل جج کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے ایچ ایم ڈی اے کی درخواست کو خارج کردیا۔ خانگی ڈیولپرس کی جانب سے بلڈنگ کی تعمیر کی اجازت سے انکار پر ایچ ایم ڈی اے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ سروے نمبر603/P ، 604/P اور 605/P واقع ڈنڈیگل گنڈی میسماں منڈل ملکاجگیری ضلع میں سیلار کی تعمیر سے متعلق پرائیویٹ ڈیولپر کی درخواست کو قبول کرنے سے ایچ ایم ڈی اے نے انکار کیا۔ درخواست گذار کا کہنا تھا کہ تعمیری اجازت کے سلسلہ میں حکام کو عمارت کیلئے بہتر راستے کی موجودگی کو یقینی بنانا کافی ہے لیکن ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے دیگر شرائط عائد کی جارہی ہیں۔ درخواست گذار اور اسٹینڈنگ کونسل کی سماعت کے بعد سنگل جج نے ایچ ایم ڈی اے کو ہدایت دی کہ درخواست گذار کی جانب سے داخل کردہ دستاویزات کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیری اجازت پر غور کرے۔ ایچ ایم ڈی اے نے سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ کی ڈیویژن بنچ سے رجوع ہوتے ہوئے استدلال پیش کیا کہ سنگل جج نے 9 جولائی 2008 کو جاری کردہ سرکاری احکامات کو پیش نظر نہیں رکھا ہے۔ ڈیویژن بنچ نے کہا کہ سنگل جج نے جی او کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ صادر کیا ہے لہذا ایچ ایم ڈی اے کی درخواست مسترد کردی گئی۔1