شیلانگ: میگھالیہ میں نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) لیجسلیچر پارٹی کے منتخب لیڈر کونراڈ سنگما نے منگل کو یہاں مسلسل دوسری مدت کیلئے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔گورنر فاگو چوہان نے گورنرہاؤس کے بڑے لان میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں سنگما کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ دیا۔ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ موجود تھے ۔ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی سامنے آئی ہے کہ پہلی بار کسی وزیر اعظم نے میگھالیہ میں نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ مودی اور شاہ کے علاوہ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، آسام کے وزیر اعلی اور شمال مشرقی جمہوری اتحاد (این ای ڈی اے ) کے کنوینر ہمنتا بسوا شرما، سکم کے وزیر اعلی پریم سنگھ تمانگ اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ایم ہیمنت سورین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ میگھالیہ ڈیموکریٹک الائنس – 2.0 حکومت اور اپوزیشن کانگریس اور وائس آف دی پیپلز پارٹی (وی پی پی) کے تقریباً تمام حکمران ایم ایل ایز نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مکل سنگما کی قیادت میں اپوزیشن ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے غیر حاضر رہے۔