سنگور ڈیم کیلئے تفریح کا سفر ‘ موت کا سفر ثابت ہوا

,

   

تیز رفتار کار الٹ گئی ۔ دو نوجوان ہلاک اور چار دوسرے زخمی
حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) شدید بارش کے دوران سنگاریڈی کے سنگور ڈیم کو تفریح کیلئے جانے والے شہر کے دو نوجوان سڑک حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مہدی پٹنم، کاروان سے تعلق رکھنے والے 6 نوجوان جن میں لارڈس انجینئرنگ کالج کے طلباء بھی شامل ہیںاتوار کی صبح شہر سے XUV500 کار TS11EQ-6561 میں روانہ ہوئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے سنگور ڈیم کی سمت نوجوان آگے بڑھ رہے تھے کہ اچانک آتماکور منڈل جو سداشیو پیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے گاڑی بے قابو ہوکر برقی کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں 18 سالہ محمد صدیق اور 18 سالہ محمد زکی برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر چار نوجوان زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوان شہر سے سنگور ڈیم کے مشاہدہ کیلئے روانہ ہوئے تھے اور 19 سالہ محمد فیضان ساکن مہدی پٹنم گاڑی چلارہا تھا۔ تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں کار کا توازن کھودیا اور XUV کار اُلٹ کر برقی کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس کار میں جملہ 6 نوجوان محمد فیضان، زوہب، کاشف اور شیزان موجود تھے ۔ اس حادثہ کے بعد زخمی نوجوانوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع پر سدا پیٹ پولیس ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور مہلوک نوجوانوں کی نعشوں کو سنگاریڈی ہاسپٹل منتقل کیا جبکہ زخمی نوجوانوں کو خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا۔ب