سنگھم اگین پر خدشات کی تلوار لٹکنے لگی

   

ممبئی ۔ اجے دیوگن کی فلم سنگھم اگین دیوالی پر ریلیز ہورہی ہے اور اس کا کافی چرچا ہے۔ فلم کا ٹریلر7 اکتوبر کو منظر عام پرآچکا ہے جس کے بعد کئی باتیں ہورہی ہیں ۔ یہ ٹریلر یوٹیوب پر پہلے نمبر پر ہے لیکن فلم بنانے والوں نے اس 4 منٹ 58 سیکنڈ کے طویل ٹریلر میں بہت ساری کہانی پہلے ہی بتا چکے ہیں۔ رامائن کا زاویہ جوڑکر کچھ نیا کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن آدی پورش کا حشر مداحوں کو پریشان کررہا ہے اور اگر یہ فارمولا اب بھی کام نہیں کرتا ہے، تو پھر ایک مسئلہ ہوسکتا ہے۔ دراصل فلم میں کئی سوپر اسٹارز نظر آنے والے ہیں۔ اجے دیوگن کے علاوہ اس میں اکشے کمار، رنویر سنگھ، دیپیکا پڈوکون، جیکی شراف اور ٹائیگر شراف سمیت کئی اداکار شامل ہیں۔ وہیں ارجن کپور ولن بن رہے ہیں۔ سلمان خان کی جھلک بھی شاید اس میں ہوگی ۔ اس فلم میں کئی ایسے اداکار بھی شامل ہیں، جنہیں سنگھم کی پہلی قسط میں دیکھا گیا تھا۔ اس میں رنویر سنگھ، اکشے کمار، شویتا تیواری، خود اجے دیوگن اور دیانند شیٹی شامل ہیں۔ وہ اس کائنات کی مختلف فلموں میں نظر آ چکے ہیں۔ ایسے میں اب سب ایک ہی فلم میں نظر آنے والے ہیں۔ یہ سب دوسری کائناتوں کی فلموں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن سنگھم اگین میں اسے کھچڑی بنا دیاگیا ہے جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ روہت شیٹی اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار سکتے ہیں۔ اس فلم کو سنگھم ، سنگھم ریٹرن ، سمبا اور سوریاونشی کا مرکب بنایا گیا جس کے بعد فلم کی کامیابی پر خدشات کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔سنگھم اگین کیلئے ایک بڑا چیلنج اس کے ساتھ ریلیز ہونے والی ایک اور فلم بھول بھولیا 3 بھی ہے ۔ اس فلم کی دوسری قسط نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی جس سے پردے پر سخت امتحان ہے۔