سنگھی۔بھاجپائی نادانوں.. تم مسلمانوں کی زمینیں ہضم کرنا چاہتے ہو:، لالو یادو

   

نئی دہلی :بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کا اس وقت دہلی ایمس میں علاج چل رہا ہے۔ ان کی پیٹھ کے زخم کا کامیاب آپریشن ہوا ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں آپریشن کے بعد آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لالو پرساد کے ہینڈل سے ایک پوسٹ کیا گیا ہے۔ اس پوسٹ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف آواز بلند کی گئی ہے اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اس پوسٹ میں لالو یادو نے لکھا ہے کہ ’’سنگھی۔بھاجپائی نادانوں… تم مسلمانوں کی زمینیں ہضم کرنا چاہتے ہو، لیکن ہم نے ہمیشہ وقف کی زمینیں بچانے کیلئے سخت قانون بنایا ہے اور بنوانے میں مدد کی ہے۔ مزید لکھا کہ مجھے افسوس ہے کہ اقلیتوں، غریبوں، مسلمانوں اور آئین پر چوٹ کرنے والے اس مشکل دور میں پارلیمنٹ میں نہیں ہوں، ورنہ تنہا ہی کافی تھا۔ ایوان میں نہیں ہوں، تب بھی آپ لوگوں کے خیالوں، خوابوں، نظریات اور فکروں میں ہوں، یہ دیکھ کر اچھا لگا۔