سنگیت ناٹک اکیڈیمی کی سابق صدرنشین کے خلاف مقدمہ

   

نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کلاکشیترا فاؤنڈیشن کے کوتھمبالا آڈیٹوریم کے تزئین نو پراجیکٹ پر 7.02 کروڑ روپئے کے مصارف میں بے قاعدگیوں کے الزام میں سنگیت ناٹک اکیڈیمی کی سابق صدرنشین لیلا سائمسن کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ وہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن کی بھی سابق صدرنشین اور پدم شری ایوارڈ یافتہ ہیں۔ لیلا سائمسن کے علاوہ اس وقت کے فاؤنڈیشن کے عہدیداروں چیف اکاؤنٹس آفیسر ٹی ایس مورتی، اکاؤنٹس آفیسر ایس رامچندرن انجینئرنگ آفیسر وی سرینواسن اور کارگو اینڈ چینائی انجینئرس کے پروپرائٹرس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سی بی آئی کے ملزمین کی رہائش گاہوں کی تلاش بھی لی ہے۔ کلچر منسٹری کے چیف ویجیلنس آفیسر نے سی بی آئی میں اس سلسلے میں شکایت درج کروائی اور الزام عائد کیا کہ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے آرکیٹیکٹ سی اے آر ڈی کو آڈیٹوریم کی تزئین نو کا کنٹراکٹ منظور کرتے ہوئے جنرل فینانس کے قواعد کیک خلاف ورزی کی ہے۔ 2016ء میں اس کی تحقیقات کرتے ہوئے کلچر منسٹری نے الزام عائد کیا تھا کہ 84 سالہ قدیم فاؤنڈیشن تخمینہ رقم سے 62.20 لاکھ روپئے زیادہ خرچ کئے ہیں۔ مرکزی محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تخمینہ دیا گیا تھا جس نے انکشاف کیا ہے کہ کنٹراکٹ زیادہ شراحوں پر دیا گیا تھا۔