سنہرا بھارت کی تشکیل کا کے سی آر کا دعویٰ مضحکمہ خیز : پونالہ لکشمیا

   

قومی قیادت کے لیے کے سی آر کے پاس طاقت اور صلاحیت کی کمی
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے سنہرا بھارت سے متعلق کے سی آر کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ کو لاکھوں کروڑ کے قرض میں مبتلاء کرنے کے بعد ملک کو ترقی دینے کی بات کسی مذاق سے کم نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہاکہ گزشتہ 8 برسوں کی حکمرانی میں تلنگانہ آج تک سنہرا تلنگانہ نہیں بن سکا۔ ایسے میں کے سی آر عوام کو سنہرا بھارت کا خواب دکھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی معلومات کی کمی اور حقائق سے لاعلمی کے نتیجہ میں کے سی آر اس طرح کے بیانات جاری کررہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں ریاست کو قرض میں مبتلاء کرنے کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ تلنگانہ کو برباد کرنے کے بعد اب کے سی آر مرکز کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ قومی سطح پر تیسرے محاذ کی تشکیل کی سرگرمیاں محض ایک دکھاوا اور ڈرامہ ہے۔ ملک کی قیادت کرنے کیلئے کے سی آر کے پاس صلاحیت اور طاقت دونوں کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں کی حکمرانی میں ایک بھی پراجکٹ مکمل نہیں کیا گیا۔ کالیشورم پراجکٹ سے ایک ایکر اراضی بھی سیراب نہیں کی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر دور کا خاتمہ قریب ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو مسترد کردیں گے۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ کے سی آر کو قومی قیادت کے بجائے تلنگانہ کے مسائل پر توجہ مبذول کرنی چاہیئے۔ ر