سنہرا تلنگانہ کی طرح ’سنہرا بھارت‘ تشکیل دینے کے سی آر کا عزم

,

   

٭ فرقہ وارانہ سیاست کی بجائے ترقی کی وکالت،
٭ قومی سطح پر تبدیلی کی مساعی، نارائن کھیڑ میں جلسہ سے خطاب

حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ’سنہرا تلنگانہ‘ کی طرح ’سنہرا بھارت‘ (بنگارو بھارت) کی ترقی کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ اُنھوں نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان امریکہ اور دیگر ممالک سے بہتر ترقی کرے اور ترقی اور فلاح کے معاملہ میں دنیا بھر کیلئے مثالی ثابت ہو۔ چیف منسٹر آج سنگاریڈی کے نارائن کھیڑ میں سنگامیشورا اور بسویشورا لفٹ اریگیشن پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے سے متعلق اپنی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ملک میں فرقہ پرست سیاست کی جگہ ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض طاقتیں فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ ملک کو بانٹنے کی کوشش کررہی ہیں۔ کسی بھی صورت میں اِن طاقتوں کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ کے سی آر نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست نے ترقی کی نئی منزلیں طے کی ہیں۔ ترقی کے معاملہ میں تلنگانہ نے اپنی پڑوسی ریاست آندھراپردیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ قومی سطح پر تلنگانہ کی مختلف شعبوں میں ترقی کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ ترقی کی صحیح راہ پر ہے لیکن آزادی کے 75سال گزرنے کے باوجود ملک نے اُس طرح ترقی نہیں کی جیسی ہونی چاہئے تھی لہذا ہمیں ملک کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن ہو۔ چیف منسٹر نے کہاکہ فرقہ وارانہ سیاست کے بجائے ترقی اور روزگار پر توجہ دی جائے۔ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ہم پرامن ماحول اور امن و ضبط کی برقراری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتے۔ وقت آچکا ہے کہ عوام آپس میں مسائل کے بارے میں گفتگو کررہے ہیں۔ عوام اِس نتیجہ پر پہونچے ہیں کہ ملک کو مذہب، ذات پات اور فرقہ واریت کی بنیاد پر جانبداری سے اُٹھ کر ترقی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ میں قومی سیاست میں تبدیلی کیلئے کام کررہا ہوں، آپ میرا ساتھ دیجئے۔ قومی سیاست میں تبدیلی کیلئے دہلی تک جدوجہد کی جائیگی۔ جس طرح ہم نے تلنگانہ کو ترقی دی اُسی طرز پر ملک کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کو امریکہ سے زیادہ عظیم ملک کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے۔ ہمیں امریکہ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ بیرونی ممالک سے لوگ ہندوستان آئیں گے۔ ہندوستان میں وسائل اور نوجوان طاقت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مَیں اِسی راہ پر نکل پڑا ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاراشٹرا چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کے بارے میں دریافت کیا ۔ اُنھیں اِس بات پر حیرت ہے کہ کس طرح یہ اسکیم نافذ کی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سنگاریڈی کے عوام سے کئے گئے وعدے کئے مطابق 2 آبپاشی پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس سے سارے علاقہ میں سربراہی آب کا مسئلہ حل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ سابق میں سنگاریڈی، ظہیرآباد، پٹن چیرو اور اندول کی ہر گلی میں پدیاترا کرچکے ہیں۔ ایک ہفتے تک قیام کرتے ہوئے مسائل کے حل کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو مفت برقی کی سربراہی کرنے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل مخالفین کا دعویٰ تھا کہ تلنگانہ میں تاریکی رہے گی لیکن آج آندھراپردیش میں برقی بحران ہے اور وہاں کے علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر جہاں قدم رکھتے ہیں وہ علاقہ سرسبز و شاداب ہوجاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2 پراجکٹس کا آغاز سنگاریڈی کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے سنگاریڈی اور دیگر علاقوں کی آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضرورتوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ اِس دورہ میں ارکان پارلیمنٹ بی بی پاٹل، کے پربھاکر ریڈی، ارکان مقننہ فاروق حسین، وینکٹ رام ریڈی، ایس سبھاش ریڈی، یادو ریڈی، بھوپال ریڈی، کرانتی کرن، مانک راؤ، مدن موہن ریڈی، منی پال ریڈی، پدما دیویندر ریڈی، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ر