سنیتا لکشما ریڈی اسمبلی حلقہ نرساپور سے بی آر ایس کی امیدوار

   

چیف منسٹر نے بی فارم حوالے کیا، مدن ریڈی کو لوک سبھا انتخابات میں میدک سے امیدوار بنانے کا اعلان
حیدر آباد۔25اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ نرساپور سے تلنگانہ ویمن کمیشن کی صدرنشین سنیتا لکشما ریڈی کو پارٹی امیدوار بناتے ہوئے انہیں بی فارم بھی حوالے کردیا۔ موجودہ رکن اسمبلی مدن ریڈی کو لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا میدک سے پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جب دو ماہ قبل پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ تب اسمبلی حلقہ نرساپور سے موجودہ رکن اسمبلی مدن ریڈی کو دوبارہ ٹکٹ نہ دیتے ہوئے اس حلقہ سے امیدوار کے اعلان کو زیر التواء رکھا تھا۔ مدن ریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی میں ٹکٹ کی مسابقت جاری تھی۔ ہریش راؤ اور کے ٹی آر نے ناراض مدن ریڈی کو سمجھانے میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد چیف منسٹر نے آج سنیتا لکشما ریڈی کو سرکاری طور پر پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی موجودہ رکن اسمبلی کو لوک سبھا انتخابات میں پارٹی امیدوار بنانے کا تیقن دیا جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدن ریڈی پارٹی کے بانی اراکین میں شامل ہیں۔ سینئر قائد سے 35 سال سے ان کی دوستی ہے۔ میرے بھائی کی طرح ہے۔ انہوں نے سنیتا لکشما ریڈی کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ میدک کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی کو اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنایا گیا ہے۔ ن
ان کی جگہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مدن ریڈی کو پارٹی امیدوار بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ بھی موجود تھے۔ سنیتا لکشما ریڈی کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ نرساپور سے 1999 – 2004 – 2009 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔ 2009 میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی اور 2010 میں این کرن کمار ریڈی کی وزارت میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ن