ممبئی ۔ 30؍جنوری ( ایجنسیز )این سی پی کے آنجہانی رہنما اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار مہاراشٹرا کی اگلی نائب وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے سکتی ہیں۔ جمعہ کو این سی پی لیڈران کی میٹنگ میں سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی تجویز پیش کی گئی۔ پارٹی لیڈران کے ذریعہ زور دیے جانے کے بعد سنیترا نے اس عہدہ پر فائز ہونے سے متعلق اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔ میٹنگ کے بعد بتایا گیا کہ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے اسمبلی میں این سی پی اراکین اسمبلی کی میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد شام کو سنیترا پوار کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔ دوسری جانب مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’این سی پی جو بھی فیصلہ لے گی ہمیں منظور ہے۔ خواہ وہ اجیت پوار جی کی فیملی ہو یا این سی پی ہو ہم سرکار کے طور پر اور بی جے پی کے طور پر ان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے 2024 میں سیاست میں قدم رکھا اور بارامتی سے لوک سبھا انتخاب میں اپنی قمست آزمائی لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لوک سبھا انتخاب میں شکست کے بعد انہیں راجیہ سبھا بھیجا گیا جون 2024 سے وہ راجیہ سبھا رکن ہیں۔ انہوں نے بارامتی اور کاٹھے واڑی میں صفائی اور خواتین کی فلاح و بہبود کے اقدامات کی بھی قیادت کی۔