سنیما گھروں ‘ ریستوراں و شاپنگ مالس پر تحدیدات ممکن

   

ضرورت پڑنے پر فیصلہ سے گریز نہیں کیا جائیگا ۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو کا بیان

حیدرآباد۔13 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں سنیما گھروں ‘ ریستوراں ‘ شاپنگ مالس کے علاوہ دیگر عوامی مقامات پر ضرورت پڑنے پر تحدیدات عائد کی جائیں گی ۔تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد پر نظر رکھنے کے علاوہ جن مقامات پر وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے ان پر تحدیدات کے اقداما ت کا جائزہ لیا جانے لگا ہے۔ وزیر سینماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت ضرورت پڑنے پر سنیما پر تحدیدات 50 فیصد نشستوں کی شرط اور دیگر امور کا جائزہ لے گی کیونکہ ریاست میں حالات ابتر ہونے لگے ہیں اور مریضوںکی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔پڑوسی آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے حالات پر بھی حکومت سے نظر رکھی جا رہی ہے اور یہاںسے شہر علاج کی غرض سے پہنچنے والے مریضوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔دونوں شہروں کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اضلاع میں جہاں مریض بالکل نہیںتھے ان میں بھی مریضوں کی نشاندہی ہونے لگی ہے۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ حکومت سے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ کورونا کو پھیلنے سے روکنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے شاپنگ مالس میں تعداد پر تحدیدات اور کتنے لوگ اندر موجود ہیں ان کی تفصیلات تمام باب الداخلوں پر رکھنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ ریستوراں بھی ایسے اصولوں کو نافذ کرنے کا جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ رات کے کرفیو یا لاک ڈاؤن کی سختیوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے علاوہ کورونا سے بھی بچاؤ ہوسکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن اور کرفیو جیسے حالات سے محفوظ رہنے پابندیوں میں بتدریج اضافہ کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔م