ان لاک 3 کے رہنمایانہ خطوط زیرغور
نئی دہلی : ملک میں ان لاک 2 جولائی کی /31 کی تاریخ کو ختم ہوگا ۔ وزارت داخلی امور ان لاک 3 کیلئے رہنمایانہ خطوط پر غور کررہی ہے اور توقع ہے کہ یکم اگست سے قبل تازہ رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے جائیں گے ۔ توقع ہے کہ ان لاک کے اگلے مرحلے میں سماجی فاصلے کے پروٹوکول پر سختی سے عمل آوری کے ساتھ سنیما ہالس ، تھیٹرس اور جمس کی کشادگی کی اجازت دی جائے گی جبکہ میٹرو سرویس اور اسکولوں کے ہنوز بند رہنے کا امکان ہے ۔ وزارت داخلی امور کی جانب سے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کے بعد تمام ریاستی حکومتیں اپنے متعلقہ رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں گی ۔ جس کے تحت کام کاج کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ وزارت فروغ انسانی وسائل اسکولوں اور کالجس کی دوبارہ کشادگی سے متعلق ریاستی حکومتوں سے مشاورت میں مصروف ہے ۔ قبل ازیں وزارت نے بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں سرپرستوں سے بھی ان کی رائے اور تجاویز طلب کررہی ہے ۔ تازہ اطلاعات کے مطابق سرپرست بھی موجودہ حالات میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے حق میں نہیں ہیں ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق وزارت داخلی امور کو اس نے ملک بھر میں سنیما ہالس کی دوبارہ کشادگی کی سفارش کی ہے ۔ تھیٹرس کے مالکین کی جانب سے 50 فیصد نشستوں کی گنجائش کے ساتھ سنیما ہالس کو دوبارہ کھولنے کیلئے مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے ۔