حیدرآباد ۔ سنیٹرنگ سامان کا سرقہ کرنے والے دو بھائیوں کی جوڑی کو الوال پولیس نے گرفتار کرلیا۔ الوال پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 28 سالہ ارجن سنگھ تل پٹیا اور 22 سالہ کرن سنگھ تل پٹیا ساکنان جیڈی میٹلہ اور 36 سالہ ایم سرینواسلو ساکن شاہ پور نگر متوطن مشرقی گوداوری کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس الوال کے مطابق دو بھائی ارجن اور کرن پیشہ سے سنیٹرنگ کا کام کرتے تھے ۔ مالی پریشانوں اور اپنی عیاشی کیلئے ان دونوں نے سرقہ کرنے کا فیصلہ کیا اور زیر تعمیر مکانات اور تعمیراتی سائیٹ پر پہونچکر ان مقامات سے سنیٹرنگ کے باکس سرقہ کرلئے تھے ۔ ان دونوں نے مسروقہ سامان کو منتقل کرنے کیلئے ایک آٹو تیار کیا اور سرینو بابو کو اپنی سازش میں شامل کرلیا ۔ الوال پولیس کے مطابق یہ ان دونوں بھائیوں نے میاں پور ، ڈنڈیگل باجوپلی اور جیڈی میٹلہ میں وارداتیں انجام دیں تھیں ۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر ان کے قبضہ سے مسروقہ سامان کو ضبط کرلیا۔ جس کی کل مالیت 4,55,500 روپئے بتائی گئی ہے ۔