نئی دہلی، 15 مارچ (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے کہا ہے کہ سن رائزرز حیدرآباد کو انڈین پریمیئر لیگ 2026 میں کامیاب مہم چلانے کے لیے حریف ٹیموں کے بولروں پر دباؤ ڈالنا ہوگا اور مسلسل زیادہ اسکور بناکر مقابل ٹیموں کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔ 2016 کی آئی پی ایل چمپئن ٹیم سن رائزرز حیدرآباد نے گزشتہ دو سیزن میں بیٹنگ اور چھکوں کے کئی ریکارڈ توڑے ہیں، تاہم مضبوط بولنگ شعبہ نہ ہونے کے باعث ٹیم خطاب جیتنے میں ناکام رہی۔ ڈو پلیسی نے کہا کہ سن رائزرزکی بیٹنگ لائن اپ کسی حد تک ویسٹ انڈیز ٹیم جیسی طاقتور دکھائی دیتی ہے، مگر بولنگ میں واضح کمی نظرآتی ہے۔ ان کے مطابق ٹیم میں پیٹ کمنز کپتان ہونے کے ناطے اہم بولر ہیں، لیکن اس کے علاوہ وکٹیں لینے والے بولروں کی کمی محسوس ہوتی ہے، خاص طور پر پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں یہ کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سن رائزرز کو کامیابی حاصل کرنی ہے تو انہیں بڑی اسکورنگ کر کے اسکور بورڈ پر دباؤ پیدا کرنا ہوگا تاکہ مخالف ٹیمیں 250 یا 260 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دباؤ میں آ جائیں۔ دوسری جانب سابق ہندوستانی بولرلکشمی پتی بالاجی نے بھی ٹیم کی بولنگ کمزوری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ محمد سمیع کا لکھنؤ سوپر جائنٹس میں ٹریڈ ہونا سن رائزرز کے لیے بڑا دھکا ہے۔ بالاجی کے مطابق ہرشل پٹیل ڈیتھ اوورز میں تجربہ رکھتے ہیں، تاہم اس کے علاوہ بولنگ لائن اپ زیادہ مضبوط دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیدیَو انڈکت اور شیوم ماوی ماضی میں زخموں کے مسائل کا شکار رہے ہیں۔ اسپن شعبے میں بھی ٹیم کے پاس کوئی واضح مرکزی بولر نہیں ہے، اگرچہ گھریلو لیگ کے لیگ اسپنر ذیشان انصاری نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر لیام لیونگسٹن سن رائزرز میں شامل ہونے والے بڑے ناموں میں شامل ہیں۔ تاہم ڈو پلیسی نے کہا کہ لیونگسٹن ابھی تک آئی پی ایل میں اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، حالانکہ ٹیمیں انہیں ان کی آل راؤنڈ صلاحیت اور اسپن بولنگ کی وجہ سے مسلسل مواقع دیتی رہی ہیں۔ اوپننگ بیٹنگ میں ابھشیک شرما بھی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہوں گے، جنہوں نے حال ہی میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری اسکورکی تھی۔ ڈو پلیسی نے کہا کہ فارم میں معمولی کمی ہر بڑے بلے بازکے کیریئر کا حصہ ہوتی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ابھشیک شرما آئی پی ایل میں جلد ہی دوبارہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں گے۔