مفت ٹکٹیں
حیدرآباد: سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ)، جس کی قیادت پیٹ کمنزکررہے ہیں، مبینہ طور پر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایس سی اے) کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے مفت ٹکٹوں کے لیے دباؤ، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے الزامات کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ سے منتقل ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ ان الزامات کے بعد تلنگانہ کے چیف منسٹراے ریونت ریڈی نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ویجیلنس اینڈ انفورسمنٹ ونگ کے ڈائریکٹر جنرل کے سرینواس ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ معاملے کی مکمل جانچ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ چیف منسٹرٰ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے ایس آر ایچ انتظامیہ پر مفت پاس فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ سن رائزرز حیدرآباد کے مینیجر سری ناتھ ٹی بی نے ایچ سی اے کے خزانچی سی جے سرینواس کو ایک ای میل میں اسوسی ایشن، خاص طور پر اس کے صدر جگن موہن راؤ ارشیناپلی پر دھمکی، دباؤ اور بلیک میلنگ کا الزام لگایا ہے۔ ای میل میں سری ناتھ نے لکھا: ایچ سی اے کے یہ غیر پیشہ ورانہ اقدامات، خاص طور پر موجودہ صدرکی جانب سے، یہ واضح طور پر ظاہرکرتے ہیں کہ آپ سن رائزرز کو اپنے اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے۔ اگر ایسا ہے تو براہ کرم تحریری طور پر تصدیق کریں تاکہ ہم بی سی سی آئی، تلنگانہ حکومت اور اپنی اعلیٰ انتظامیہ کو مطلع کر سکیں اورکسی دوسرے مقام پر منتقل ہونے کا فیصلہ کریں۔ سری ناتھ نے مزید ایک واقعہ کی تفصیل بیان کی جس میں ایچ سی اے کے عہدیداروں نے مبینہ طور پر ایف3 کارپوریٹ باکس کو بندکردیا تھا اور اسے کھولنے سے انکار کر دیا جب تک کہ انہیں 20 اضافی مفت ٹکٹ نہ دیے جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایس آر ایچ انتظامیہ نے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی، لیکن ایچ سی اے نے میچ شروع ہونے سے ایک گھنٹہ پہلے تک باکس کو کھولنے سے انکار کر دیا۔ میچ سے صرف چند گھنٹے قبل مفت ٹکٹوں کے لیے بلیک میل کرنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ ناقابل قبول ہے، اور یہ ہمارے کام کرنے کے تعلقات پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔