آلٹن ۔سوئٹزلینڈ کے ایک قصبے آلٹن میں مقامی لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب اْن پر چاکلیٹ کی بارش ہونے لگی۔جمعہ کے روز ایک مقامی چاکلیٹ فیکٹری کے وینٹیلیشن کا نظام خرابی کی وجہ سے چاکلیٹ کے ذرات فیکٹری سے باہر پھینکنا شروع ہو گیا تھا۔تیز ہوا کی وجہ سے چاکلیٹ کے ذرات قریبی قصبے میں دور دور تک پھیل گئے تھے اور یوں محسوس ہوتا تھا کہ آسمان سے چاکلیٹ کی بارش شروع ہو گئی ہے۔منگل کے روز ‘لنڈٹ اینڈ سپروگلی’ کمپنی نے قریبی قصبے میں چاکلیٹ کے پھیلنے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اْن کی فیکٹری سوئس شہروں زیورخ اور باسل کے درمیان ایک چھوٹے سے قصبے آلٹن میں واقع ہے۔
