سوات کے کبل پولیس اسٹیشن میں دھماکے سے ہلاک ہونے والے 15 افراد میں سے بیشتر پولیس اہلکار ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ دھماکہ گولہ بارود کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا ہ کی وادی سوات کے شمال مغربی قصبے کبل کا ایک پولیس اسٹیشن سلسلہ وار دھماکوں سے دہل کر رہ گیا۔ اس میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردانہ واقعہ نہیں ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ دھماکے ہوئے۔یہ واقعہ پیر کی رات کو تقریبا 8 بجکر 20منٹ پر پیش آیا اور اطلاعات کے مطابق واقعہ میں ایک پولیس افسر سمیت ہلاک ہونے والے بیشتر پولیس اہلکار ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے مخصوص یہ تھانہ دھماکوں سے پوری طرح تباہ ہو گیا۔پولیس اسٹیشن کو ہلا کر رکھ دینے والا یہ دھماکہ ’کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ‘ (سی ٹی ڈی) کے دفتر کے احاطے میں ہوا، اس واقعے سے محض چند گھنٹے قبل ہی سی ٹی ڈی نے لکی مروت میں چھاپے کی ایک کارروائی کی تھی، جس میں تین مشتبہ عسکریت پسند مارے گئے تھے۔