حیدرآباد ۔ 2 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) شوہر کے قتل میں ملوث خاتون کا نامعلوم افراد نے قتل کردیا ۔ سورارام پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ 32 سالہ رینوکا منگل کے دن سے لاپتہ تھی اور آج ایک اطلاع پر پولیس نے گنڈی مائسماں علاقہ میں جھاڑیوں سے رینوکا کی نعش کو برآمد کرلیا ۔ رینوکا کی ضمانت پر رہائی ہوئی تھی اور ہر منگل کے دن پولیس میں حاضری کی شرط عائد کی گئی تھی ۔ پولیس اسٹیشن میں حاضری کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق رینو کا جگت گیری علاقہ کے ساکن سریش کی بیوی تھی جس نے فبروری میں اپنے شوہر کا قتل کردیا تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ عاشق کے ہمراہ اس نے شوہر کا قتل کردیا جو اس کے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہا تھا ۔ رینوکا اس وقت گرفتار کرلی گئی جب وہ شوہر کی نعش کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کررہی تھی ۔ پولیس کی پٹرولنگ پارٹی نے خاتون اور اس کے عاشق کو سریش کی نعش کے ساتھ پکڑ لیا تھا ۔ جاریہ سال فبروری میں رینوکا نے اس سنگین واردات کو انجام دیا تھا ۔ سریش پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا اور اُن کی دو لڑکیاں ہیں۔ رینوکا کو عیش پسند زندگی پسند تھی اور وہ شوہر کی مرضی کے خلاف بناؤ سنگھار کرتی تھی اور غیرمردوں سے اُس کی بات چیت جاری تھی۔ سریش اس کے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہا تھا اور اس خاتون نے شوہر کو قتل کردیا تھا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کی تھی اور خاتون کو جیل منتقل کیا تھا ۔ ضمانت پر رہائی کے بعد جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں حاضری دینا پڑ رہا تھا۔ جیل سے رہائی کے بعد رینوکا نے اپنا مقام جگت گیری گٹہ سے بدل دیا تھا اور سورارام کے علاقہ میں سائی نامی شخص کے ساتھ زندگی بسر کررہی تھی اور ایک ہاسپٹل میں چوکیداری کرتے ہوئے زندگی بسر کررہی تھی جس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ رینوکا سے اُس کے شوہر سریش کے قتل کا بدلہ لیا گیا ہوگا یا پھر ناجائز تعلقات کو نبھانے میں بے وفائی کے سبب کسی نے اُس کا قتل کیا ہوگا تاہم پولیس ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ ع