عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی اور وزیر امور مقننہ سریدھر بابو کی شرکت، مباحث کے وقت عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے کل 9 ڈسمبر سے شروع ہونے والے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اسپیکر جی پرساد کمار اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو، قانون ساز کونسل میں چیف وہپ ٹی مہیندر ریڈی کے علاوہ چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور، سکریٹری جی اے ڈی رگھونندن راؤ و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اسپیکر پرساد کمار نے عہدیداروں سے کہا کہ اسمبلی و کونسل کے اجلاس کے سلسلہ میں موثر انتظامات کئے جائیں۔ سابق میں اجلاسوں کے موقع پر کئے گئے انتظامات کی طرح اس مرتبہ بھی نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے عہدیداروں کو چاہیئے کہ ارکان کیلئے تمام درکار سہولتوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ذریعہ انتظامات پر توجہ دینی چاہیئے۔ اسپیکر نے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ ارکان اسمبلی کے سوالات کا جواب بروقت فراہم کیا جائے۔ انہوں نے گذشتہ اجلاسوں کے زیر التوا سوالات کے جوابات فوری روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں سوالات کے جوابات کی بنیاد پر ارکان کو اظہار خیال میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے سوالات کے جوابات تلگو، اردو اور انگریزی زبانوں میں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی محکمہ سے متعلق مباحث کے موقع پر متعلقہ عہدیداروں کو ایوان میں موجود رہتے ہوئے وزراء کو جواب دینے میں تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے تمام ایام میں عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور ہر محکمہ سے ایک نوڈل آفیسر مقرر کیا جائے۔ اسپیکر نے اسمبلی اور اس کے اطراف کسی بھی احتجاج کو روکنے کیلئے وسیع انتظامات کی ہدایت دی۔ ارکان اسمبلی کی آمد و رفت کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں۔ کونسل کے صدرنشین سکھیندر ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ پروٹوکول کی پابندی کی جائے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ اجلاس کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔1