سوال کرنے سے پہلے کمل ناتھ حقیقت حال معلوم کرلیں :نروتم

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر مسٹر کمل ناتھ کو الزامات لگانے اور سوال کرنے سے پہلے زمینی حقیقت کا پتہ لگانا چاہیے ۔میڈیا سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر مشرا نے مسٹر کمل ناتھ کی طرف سے حکومت پر لگائے گئے الزامات پر کہا کہ پورے کورونا دور میں کمل ناتھ کہیں بھی ویکسینیشن مراکز، ہسپتالوں یا خوراک کی تقسیم کے مراکز میں نہیں گئے ۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ حکومت کے لیے عوامی مفاد اور صحت دونوں اہم ہیں۔اس کے بعد ڈاکٹر مشرا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا کے پورے دور میں گھر سے ٹویٹ کرکے سیاسی روٹیاں سینکنے والے مسٹر کمل ناتھ کو بھی کوئی سوال کرنے سے پہلے زمینی حقیقت جان لینی چاہیے ۔ حکومت عوام کی صحت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتی ہے ۔واضح رہے کہ مسٹر کمل ناتھ نے کل حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کا 17 نومبر کو کورونا سے متعلق تمام پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے مدھیہ پردیش حکومت کے اس اقدام کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے عوام کو بھگوان کے بھروسے چھوڑ دیا ہے ۔