دبئی: متحدہ عرب امارات میں اینٹی وائرل دوا سوتروویمیب کی کووڈ۔19 کے مریضوں پر کلینکل جانچ کی گئی ہے ۔اس کے نتائج سے ظاہرہوا ہے ،اس کو استعمال کرنے والے کورونا وائرس کے 97 فی صد مریض 14 روز میں صحت یاب ہوگئے ہیں۔ یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اس دوا کی کلینکل جانچ کے لیے جن مریضوں کا انتخاب کیا گیا تھا،ان میں سے 50 فی صد کی عمریں 50 سال یا اس سے زیادہ تھیں۔اس کے علاوہ جن افراد کو سوتروویمیب دوا دی گئی ہے ،ان میں سے بیشترذیابطیس، امراض قلب، سرطان اور موٹاپے ایسے دائمی عوارض کاشکار تھے ۔اس دوا کے استعمال کنندگان کو کووڈ۔19سے مرنے سے 100 فی صد تک بچایا جاسکتا ہے اور ایسے مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال لے جانے کے واقعات میں 99 فی صد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ یواے ای کی وزارتِ صحت نے ابوظبی کے محکمہ صحت اور دبئی کی صحت اتھارٹی کے اشتراک سے اس دوا کی کلینکل جانچ کی ہے اور اس کا کووڈ۔19 کے شدید خطرے سے دوچار مریضوں کے علاج میں مؤثر ہونے کاجائزہ لیا ہے ۔اس دوا کو 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں اور حاملہ خواتین کو بھی استعمال کرایا گیا ہے ۔ابوظبی میں 6175 معمول مریضوں کو یہ دوا استعمال کرائی گئی ہے ۔ سوتروویمیب برطانیہ کے دواساز ادارے گلیکسو اسمتھ کلین کی تیارکردہ ہے ۔یواے ای میں اس سال جون کے وسط میں اس دوا کی پہلی کھیپ پہنچی تھی اور وہ دنیا میں اس دوا کو وصول کرنے والے چند ایک اوّلین ممالک میں سے تھا۔اس سے چندے قبل ہی کی یو اے ای کی وزارتِ صحت نے اس دوا کے استعمال کی منظوری دی تھی۔ابوظبی کے محکمہ صحت نے اس دوا کوامارت میں منگوانے کیلیے ایک اور تجارتی فرم رافد سے سمجھوتا طے کیا تھا۔