حیدرآباد /19 اگست ( سیاست نیوز ) شوہر کے ساتھ پرسکون زندگی بسر کرنے خواہشمند خاتون نے سوتیلی بیٹی کا قتل کردیا ۔ میڑچل پولیس نے اس قاتل خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالانگر محترمہ پدمجا نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ میڑچل کندی بستی میں گذشتہ روز ایک اطلاع پر پولیس نے کمسن لڑکی کی نعش کو برآمد کرلیا تھا ۔ جس کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو ایک پلاسٹک تھیلے میں ڈالکر پھینک دیا گیا تھا اور اس نعش کی شناخت کو مٹانے کی مکمل کوشش کی تھی ۔ تاہم میڑچل پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے شناخت کو مسخ کرنے اور ثبوت کو مٹانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مقتولہ لڑکی کی شناخت کرلی ۔ 12 سالہ کماری اے جوتیکا کا تقریباً ایک ماہ قبل اس کی سوتیلی والدہ نے قتل کردیا تھا ۔ پولیس نے کڑی مشقت کے بعد لڑکی کی شناخت کی اور ثبوت اکٹھا کرتے ہوئے ایک ماہ کے عرصہ میں خاتون قاتلہ کو گرفتار کرلیا ۔ قاتل خاتون 30 سالہ ناگامنی نے مقتولہ لڑکی جوتیکا کے سوتیلے والد سبرامنیم سے دوسری شادی کی تھی اور جوتیکا اسکے والد کی اکلوتی اولاد تھی ۔ اس کے والد کی موت کے بعد جوتیکا کی والدہ نے شوہر کی موت کے بعد دوسری شادی سبرامنیم سے کی تھی اور قاتل خاتون نے بھی شوہر سے علحدگی کے بعد سبرامنیم سے شادی کرلی ۔ شادی کے بعد سبرامنیم لڑکی کی والدہ کو پریشان کرنے لگا اور نظر انداز کرنے لگا تھا اس بات پر لڑکی کو شدید اعتراض تھا اور لڑکی ناگامنی سے جھگڑنے لگی ۔ اس بات پر برہم ناگامنی نے لڑکی کا قتل کردیا ۔ پولیس نے قاتل خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلی عہدیددار موجود تھے ۔