سوتیلی بیٹی کی عصمت ریزی کرنے والا درندہ صفت شخص گرفتار

   

عبداللہ پور میٹ پولیس کی کارروائی ، شی ٹیم کی تحقیقات کے بعد ملزم کے خلاف گرفت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سوتیلی بیٹی کی عصمت ریزی کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جو تہوار کے سلسلہ میں اپنے گھر آئی تھی ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے درندہ صفت سوتیلے باپ کو گرفتار کرلیا ۔ اس درندگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب لڑکی ہاسٹل سے گھر جانے کے لیے انکار کررہی تھی تاہم پرنسپل نے جب اس کمسن لڑکی کے گھر نہ جانے کی وجہ دریافت کی تو لڑکی پہلے خاموش رہی لیکن جب پرنسپل نے اس پر وجہ بتانے کے لیے دباؤ ڈالا تو لڑکی سوتیلے باپ کے ظلم کی داستان بیان کرتے ہوئے رو پڑی پرنسپل نے فوری اس سنگین مسئلہ کو شی ٹیم ونستھلی پورم سے رجوع کردیا ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس نے اس بدقماش درندہ صفت باپ کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جب شی ٹیم نے اس معاملہ کی شکایت حاصل کی تو لڑکی سے بات چیت کے بعد فوری اقدام کیا ۔ ذرائع کے مطابق 13 سالہ لڑکی جو ایک ہاسٹل میں زیر تعلیم تھی بچپن میں والد کی موت کے بعد اس کی والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی ۔ دسہرہ تہوار کے لیے لڑکی اپنی والدہ کے پاس پہونچی اس دوران موقع کا فائدہ اٹھاکر اس کے سوتیلے باپ نے لڑکی کی عصمت ریزی کی اور لڑکی دوبارہ ہاسٹل چلی گئی ۔ سوتیلا باپ لڑکی پر اسکول سے ترک تعلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا اور ٹرانسفر سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لیے اس کمسن کو ہراساں کررہا تھا ۔ جب گذشتہ روز وہ لڑکی کو حاصل کرنے کے لیے ہاسٹل پہونچا تو لڑکی نے گھر جانے سے انکار کردیا اور پرنسپل سے سارے واقعہ کی تفصیل بیان کردی ۔ پولیس نے بدقماش درندہ صفت باپ کو گرفتار کرلیا اور جیل منتقل کردیا ۔۔ع