راجکوٹ ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کپتان جئے دیو اونڈکٹ نے اپنے کریئر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے بنگال کے خلاف رانجی ٹرافی کے فائنل میں اپنی ٹیم سوراشٹر کو نہ صرف کامیابی دلوائی بلکہ پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو چمپئن ہونے کا اعزاز بھی دلوایا ہے۔ سوراشٹر کو چمپئن ہونے کا اعزاز پہلی اننگز کی سبقت کی بنیاد پر ملا ہے جیسا کہ سوراشٹر نے اپنی پہلی اننگز میں 425 رنز اسکور کئے تھے اور بنگال کو اس نے 381 رنز تک محدود رکھا حالانکہ پانچویں دن کے کھیل کے اختتام پر سوراشٹر کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے۔ پانچویں دن جب بنگال کی ٹیم میدان پر اتری اسے سبقت حاصل کرنے کاموقع دستیاب تھا کیونکہ انوسٹوپ مجندا 6 اور ارنب نندی 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہنے کے علاوہ 91 رنز کی پارٹنر شپ گذشتہ روز ہی بنالی تھی۔ کپتان اونڈ کٹ نے تنہا اپنی ٹیم سوراشٹر کو اس وقت فائنل میں پہنچایا تھا جب انہوں نے سیمی فائنل کے آخری دن گجرات کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بنگال کے خلاف بھی انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سبقت دلوانے میں اہم رول ادا کیا۔ بنگال کے خلاف انہوں نے 35 اوورس میں 96 رنز کے عوض دو اور جڈیجہ نے 114 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔