سورت میں فاقہ کشی کا شکار ورکرس کی ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ ،گاڑیاں نذر آتش

,

   

روزگار اور تنخواہوں سے محرومی ، آبائی وطن واپسی کا مسئلہ l لاک ڈاؤن میں نرمی یا توسیع ، حکومت کا آج غورl عالمی سطح پر ایک لاکھ اموات

ہندوستان میں ایک دن میں 16002کورونا ٹسٹ
ممبئی میں ایک دن میں 218 افراد کا ٹسٹ پازیٹیو
گجرات میں ایک دن میں 116 نئے کیس
چینائی میں ایک کی موت ، 77 ٹسٹ پازیٹیو
کینیڈا میں مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار ہوجائے گی
دہلی میں ماسک کے بغیر نکلنے والے 32 افراد پر مقدمہ
نوئیڈا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، 149 گرفتار

ملک بھر میں تیسرے جمعہ بھی نماز ادا نہیں کی جاسکی
گجرات کی مساجد میں نماز جمعہ کی کوشش ، 16 گرفتار

دھاروی میں گڈ فرائی ڈے کیلئے اجتماع ، 6 گرفتار
پنجاب میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن

گوہاٹی میں مسجد مہربند، 3 گرفتار
ہندوستان بھر میں متاثرین کی تعداد 7500

نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے شہر سورت میں لاک ڈاؤن کے درمیان سینکڑوں نقل مکانی کرنے والے ورکرس نے بھوک اور پیاس کی تاب نہ لاکر ہنگامہ آرائی شروع کردی ۔ توڑ پھوڑ مچاتے ہوئے کئی گاڑیوں کو نذرآتش کردیا ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ ورکرس ان کے گزربسر کیلئے ضروری انتظامات کرنے کا مطالبہ کررہے تھے اور انہیں ان کے آبائی مقامات کو واپس بھیجنے کے انتظامات پر بھی زور دے رہے تھے ۔ ان لوگوں کو ان کے مالکین نے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی ہے ۔ یہ لوگ تنخواہوں کا بھی مطالبہ کررہے تھے ۔پولیس نے صورتحال کو قابو میں کرلیا ہے ۔ ملک بھر میں آج کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 7500 سے تجاوز کرگئی۔جبکہ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی ہے۔16.5 لاکھ پازیٹیو کیس ہیں ۔دہلی اور ممبئی کے بشمول کئی مقامات سے اموات کی اطلاعات ملی ہیں جس کے ساتھ ہی اموات کی تعداد 250 ہوگئی۔ پنجاب میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع دی گئی ہے۔ یہ دوسری ریاست ہے جہاں لاک ڈاؤن میں توسیع دی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی ملک گیر سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کل چیف منسٹرس سے بات چیت کریں گے۔لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق چیف منسٹرس سے رائے حاصل کی جائے گی۔ اتفاق رائے پائے جانے کی صورت میں لاک ڈاؤن میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے بھی ریاستی حکومتوں سے 21 روزہ لاک ڈاؤن پر رائے طلب کی ہے اور کہا ہے کہ آیا عوام کے مزید زمرہ جات اور خدمات کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیئے جانے کی ضرورت ہے؟ جمعہ کے دن عہدیداروں نے اشارہ دیا ہے کہ ملک بھر میں دو ہفتوں کے لئے لاک ڈاؤن میں توسیع دی جائے گی تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، جموں و کشمیر اور اترپردیش میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے کہاکہ جمعرات کے دن ان کی ریاست میں 27 پازیٹیو کیس آنے کے بعد لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اڈیشہ نے کل ہی لاک ڈاؤن میں توسیع کی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے باوجود اموات کی شرح 3 فیصدی ہے جو کئی یوروپی ممالک جیسے برطانیہ، اٹلی اور اسپین کے علاوہ امریکہ کے مقابلہ میں یہ بہت کم تعداد ہے۔ ہندوستان کی آبادی میں نوجوانوں کی اکثریت ہے اِس لئے یہاں پر وباء کے باعث شرح اموات کم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن ممالک میں اموات زیادہ ہورہی ہیں وہاں عمر رسیدہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ اِسی دوران آج ملک بھر میں مسلسل تیسرے جمعہ کو بھی مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں ہوسکی۔ بعض ریاستوں میں چند مساجد کے اندر نماز جمعہ ادا کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی مصلیوں کو گرفتار کیا۔ گجرات میں احمدآباد اور وڈوڈرہ سے 16 مصلیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ مرکزی زیرانتظام علاقہ دامن میں بھی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی کوشش پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ گوہاٹی میں ایک مسجد کو حکومت آسام نے مہربند کردیا ہے اور یہاں سے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ اِن کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ وزیر صحت ہیمنت بسواس شرما نے بتایا کہ دہلی کے نظام الدین علاقہ میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد یہ لوگ گوہاٹی کی مسجد میں مقیم تھے۔ گریٹر نوئیڈا کے 3 مالکین مکان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے کیوں کہ انھوں نے تبلیغی جماعت میں شرکت کرنے والے 10 ارکان کو پناہ دی تھی۔ یہ لوگ مہاراشٹرا سے تعلق رکھتے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد اجتماع پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ممبئی کے دھاروی میں آج گڈ فرائی ڈے کے موقع پر عیسائی طبقہ کے چند افراد اجتماعی دعا کے لئے جمع ہوئے تھے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 6 افراد گرفتار کرلیا گیا۔ گاندھی نگر سوسائٹی کی جانب سے ایک دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے کارروائی کی۔