سورت ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے سبب جاری ملک گیر لاک ڈاؤن میں پھنسے مائیگرینٹ ورکرس کو جب حکومت نے اپنے آبائی مقامات کو واپس ہونے کی اجازت دی اور اس کیلئے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا تو وہ بے تاب ہوگئے اور ایک دوسرے پر بازی لے جانے کیلئے دھکم پیل کی صورتحال پیدا کردی ۔ گجرات کے ضلع سورت میں پولیس نے جب مداخلت کی تو اُن پر ورکرس نے پتھراؤ کیا ۔ تقریباً ایک درجن پولیس والے زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک آئی پی ایس آفیسر شامل ہیں ۔ یہ ورکرس اُن کی واپسی کیلئے فوری اور بروقت انتظام نہ کرنے پر احتجاج بھی کررہے تھے ۔ کئی لیبرس راج کوٹ میں سڑکوں پر نکل آئے اور انہیں جلد سے جلد اپنے آبائی قصبات کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کرنے لگے ۔ سورت میں آج حالات کچھ بے قابو ہوگئے جس میں پولیس کو زائد از ایک ہزار مائیگرینٹ ورکرس کو کنٹرول کرنے میں مشکل پیش آئی ۔ چنانچہ ورکرس اور پولیس کی جھڑپ ہوگئی ۔ پولیس نے تاحال 80افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے تشدد برپا کرنے کی کوشش کی ہے ۔