سورنا بھون کے مالک کو مہلت دینے سے سپریم کورٹ کا انکار

   

نوکر کی بیوی سے شادی کا جنون ، کامیاب بزنس مین کو قاتل بناکر جیل پہونچادیا

نئی دہلی ۔ 9 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی ہند کی معروف فوڈ چین ’’سورنا بھون ‘‘ کے بانی پی راجگوپال کی ایک درخواست کو سپریم کورٹ نے آج قبول کرنے سے انکار کردیا جس نے قتل کے ایک مقدمہ میں دی گئی سزائے عمرقید بھگتنے خود سپردگی کیلئے طبی بنیاد پر مزید وقت طلب کیا تھا ۔ جسٹس این وی رمنا کی زیرقیادت ایک بنچ نے راجگوپال کی درخواست مہلت کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا کہ اس مقدمہ پر اوایل کی سماعتوں کے دوران عدالت میں کبھی اس کی علالت کا مسئلہ نہیں اُٹھایا گیا تھا ۔ راجگوپال کو سزائے عمرقید بھگتنے کیلئے 7 جولائی کو خود سپردگی کرنا تھا ۔ سورنا بھون کا بانی و مالک راجگوپال کو اکتوبر 2001 ء میں اپنے ایک ملازم کی بیوی سے شادی کرنے کے ارادہ سے اس (ملازم) کے قتل کے جرم میں عمر قید دی گئی تھی ۔ قبل ازیں عدالت عظمیٰ کی ایک بنچ نے بشمول راجگوپال 9 مجرمین کی اپیلوں کو خارج کردیا تھا اور مدراس ہائیکورٹ کے اس فیصلہ کو جائز قرار دیا گیا تھا جس میں اُنھیں عمرقید کی سزاء دی گئی تھی ۔ قتل کے اس مقدمہ میں ہائیکورٹ نے 2009 ء میں ایک مقامی عدالت کی طرف سے راجگوپال کو اور دیگر 8 مجرمین کو دی گئی سزائے قید کو 10 سال سے بڑھاکر عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔ واضح رہے کہ راجگوپال نے کسی نجومی کے مشورہ پر یا پھر خود اپنے ملازم سانتا کمار کی بیوی پر فریفہ ہوجانے کے سبب اس کو تیسری بیوی بنانے کی کوشش کی تھی لیکن ناکامی پر اُس نے سانتا کمار کا قتل کرادیا ۔