انجن ڈرائیور کی مستعدی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
جئے پور۔8؍فروری ( ایجنسیز ) راجستھان کے جیسلمیر میں اتوار کے روز چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی جس سے مسافروں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ حالانکہ عملہ کی چوکسی سے آگ پر جلد قابو پالیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ معلومات کے مطابق یہ آگ سورن نگری ایکسپریس (12468) کے کوچ کے نیچے لگی جو دہلی سے جیسلمیر جارہی تھی۔ یہ واردات جیسلمیر کے جیٹھا چندن ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوئی۔ افسران کے مطابق لوکو پائلٹ نے بروقت خطرے کو محسوس کیا اور فوری طور پر ٹرین کو محفوظ مقام پر روک دیا۔جیسے ہی ٹرین رکی، ریلوے ملازمین نے فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کردیا۔ آگ بجھانے والے آلات اور دستیاب ذرائع کی مدد سے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس دوران مسافروں میں تھوڑی دیر کے لیے افرا تفری مچ گئی لیکن حالات جلد ہی معمول پر آ گئے۔ ریلوے افسران نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ آگ بجھانے کے بعد ٹرین کا دوبارہ معائنہ کیا گیا اور پھر اسے جیسلمیر روانہ کیا گیا۔