سوروبھ اور مانو کی جوڑی فائنل میں رسائی سے محروم

   

ٹوکیو: ہندوستانی جوڑی سوروبھ چودھری اور مانو بھاکت دبائو کے لمحات میں بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے اور 10 میٹر ایر پستول کے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں شکست کھانے کے بعد فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرپائے۔ ہندوستانی جوڑی کوالیفکیشن ۔II ایونٹ میں 7 ویں مقام پر رہی حالانکہ اس نے پہلے مرحلہ میں 582 نشانات حاصل کرتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ سرفہرست 8 ٹیمیں جب دوسرے مرحلے میں مقابلے کے لیے میدان میں اتریں تو اس مسابقتی مرحلہ میں ہندوستانی جوڑی مکمل طور پر بے رنگ نظر آئی۔ کوالیفیکیشن کے دوسرے مرحلہ میں ہندوستانی جوڑی نے 380 نشانات حاصل کئے۔ دوسرے مرحلے کے آغاز پر ہندوستانی جوڑی نے انتہائی ناقص آغاز کیا اور پہلی سیریز میں 92 اور دوسری میں 94 نشانات حاصل کئے۔