نئی دہلی: ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی گذشتہ دنو ں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر بن گئے ہیں۔ اب ہندوستان میں کرکٹ کو سورو گنگولی چلائیں گے ہی لیکن ایک سیاسی بازی گری بھی ہے جس کے ماسٹر مائنڈ بی جے پی قومی صدر امیت شاہ ہیں۔امیت شاہ نے سورن گنگولی کومغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے مقابل کرنے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔ امیت شاہ نے گذشتہ دنوں دہلی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر گنگولی سے ایک ملاقات کی تھی۔اس کے فوری بعد انہوں نے اپنے آسامی لیڈر ہیمنت بسوا ممبئی جانے کی ہدایت دی۔ مغربی بنگال کی جنگ میں ”دادا بنام دیدی“ کی اپنی حکمت عملی کی کامیابی کے تئیں امیت شاہ پور ی طرح مطمئن ہیں۔
اس کے بعد ہیمنت بسوا نے فون پر کئی جگہ بات چیت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کے بی سی سی آئی کے الیکشن سے تمام امیدوار پیچھے ہٹ جائیں۔ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ بی سی سی آئی کے سکریٹری بن گئے اور ارون دھومل خزانچی بن بیٹھے۔ارون دھومل مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں۔ اس طرح دیکھے تو بی سی سی آئی پر پوری طرح بی جے پی کا قبضہ ہوچکا ہے۔ بنگال میں اسمبلی الیکشن 2021ء میں ہونے جارہا ہے۔ بنگال کرکٹ اسوسی ایشن صدر سورو گنگولی ہی ہیں۔ گنگولی گذشتہ ہفتہ امیت شاہ سے اپنی ملاقات کی بات قبول تو کی ہے لیکن کسی طرح کی سیاسی خواہش سے انکار کردیا ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ بی سی سی آئی کے عہدہ صدرات پر سورو گنگولی کی مدت صرف10ماہ کی ہے۔
اس کے بعد انہیں لازمی طورپر تین سال کے لئے اس عہدہ کو خیرباد کرناہوگا۔ یہ وہی وقت ہوگا جب بنگال میں انتخابات کی گہماگہمی ہوگی۔بنگال میں بی جے پی کے موجودہ ریاستی صدر مکل رائے جو 2017ء میں ممتا بنرجی کی پارٹی سے نکل کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں مکل رائے نے اپنی کوششوں کے سبب بنگال میں بی جے پی کو زبردست مستحکم کیا ہے اور اپنی سابقہ پارٹی سے اپنے کئی ساتھیوں کو بھی بی جے پی میں لانے کی کوشش میں کامیاب ہوئے ہیں۔ لیکن اس کے باوجودان میں ”دیدی“ سے لڑنے کی طاقت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ مکل رائے بدعنوانی کے بھی کئی سنگین الزامات کا بھی سامنا کررہے ہیں۔