فیس ری ایمبرسمنٹ اسکالرشپس فوری جاری کرنے حکومت سے مطالبہ
سوریاپیٹ۔ 24؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ بی سی اسٹوڈنٹ اسوسی ایشن سوریا پیٹ ضلع صدر وی لنگیا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زیر التواء 3300 کروڑ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکالرشپ فوری جاری کرے۔ سوریا پیٹ میں بڑے پیمانے پر ریالی دھرنا منعقد کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی سی اسوسی ایشن کے قومی صدر ایم پی آر کرشنن کی ہدایت کے مطابق اسکالرشپ فیس ری ایمبرسمنٹ میس چارجس میں اضافہ کرنے کے لئے اور اسکالر شپس کی اجرائی کے لئے یہ ریلی منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیاکہ وزراء اور اراکین اسمبلی کی تنخواہیں بڑھائیں گے، لیکن غریب طلباء کے وظائف میں اضافہ نہیں کیا جائے گا؟ بڑھی ہوئی قیمتوں کے مطابق اسکالرشپ 3000 سے بڑھا کر 20,000 کی جائے، ہاسٹل میں میس چارجس 1500 سے 3000 کئے جائیں، 10ویں جماعت سے کم طلبہ کو سالانہ اسکالرشپ 20000 دی جائے، بجٹ میں طلبہ کو زیادہ اہمیت دی جائے۔ حکومت نے لاکھوں نوکریاں کہہ کر چند برائے نام نوکریاں دی ہیں۔ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو منظوری دے کر طلباء کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر طلباء کے تمام واجبات فوری طور پر جاری نہیں کئے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر دھرنا منعقد کریں گے۔