ممبئی: ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے ) نے ٹی20 ممبئی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے ہندوستان کے آٹھ اسٹارکرکٹرز کو آئیکان کھلاڑیوں کے طور پر نامزد کیا ہے، جن میں سوریا کمار یادو، شریاس ایّر اور اجنکیا رہانے سرفہرست ہیں۔ چھ سال بعد واپس آنے والی یہ لیگ 26 مئی سے 8 جون تک وانکھیڑے اسٹیڈیم، ممبئی میں کھیلی جائے گی۔آئیکان کھلاڑیوں میں سر فراز خان، شاردْل ٹھاکر، پرتھوی شا، شیوم دوبے اور تشار دیشپانڈے بھی شامل ہیں۔ یہ سبھی کھلاڑی ہندوستانی ٹیمکی نمائندگی کر چکے ہیں، جو ممبئی کی کرکٹنگ صلاحیت کی گہرائی کو ظاہرکرتا ہے۔ ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائک نے کہا یہ کھلاڑی ممبئی کی کرکٹ روایات، لگن اور کارکردگی کی علامت ہیں۔ ان کی موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تحریک اور سیکھنے کا موقع بنے گی اور لیگ کے معیارکو بھی بلند کرے گی۔ ہر فرنچائز اپنی ٹیم میں ایک آئیکان کھلاڑی شامل کر سکتی ہے۔ لیگ کے لیے نیلامی کی تاریخ جلد جاری کی جائے گی۔ اس سیزن میں2800 سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ لیگ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی: نارتھ ممبئی پینتھرز، اے آر سی ایس اندھیری، ٹرائمف نائٹس نارتھ ایسٹ، نامو باندرہ بلاسٹرز، ایگل تھانے اسٹرائکرز، آکاش ٹائیگرز، اور دو نئی ٹیمیں سوبو ممبئی فالکنز اور ممبئی ساؤتھ سنٹرل مراٹھا رائلز ہیں۔یہ لیگ نوجوان ٹیلنٹ کو ابھرنے کا بڑا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔