سوریا بدستور پہلے مقام پر

   

دبئی۔ ہندوستان کے مڈل آرڈر بیٹر سوریا کمار یادو نے ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں اپنا نمبرایک مقام برقرار رکھا ہے، جب کہ انگلینڈ کے کئی کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی جیت کے بعد درجہ بندی میں نمایاں فائدہ اٹھایا ہے۔ سوریا ٹی 20 ورلڈ کپ کے سوپر 12 مرحلے میں شاندار مظاہرہ کرنے کے بعد نمبر ایک بیٹر بنے، جہاں انہوں نے پانچ اننگز میں تین نصف سنچریاں بنائیں۔ اس کارکردگی نے اسے 869 پوائنٹس کی کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کرنے میں مدد کی۔ اگرچہ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں 14 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ان کی ریٹنگ 859 تک گرگئی ۔ ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل میں 47 گیندوں میں ناقابل شکست 86 رنز بنانے والے ایلکس ہیلز نے بھی رینکنگ میں ایک بڑی چھلانگ لگائی ہے ، وہ 22 درجے اوپر پہنچ کر 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ٹاپ 10 میں ترقی کرنے والے دیگر میں بابر اعظم اور ریلی روسو ہیں۔ پاکستانی کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میچ وننگ ففٹی اسکور کی اور تیسرے مقام پر آگئے۔روسو نے ورلڈ کپ میں شاندار سنچری اسکور کرنے کے علاوہ درجہ بندی میں 7 ویں مقام پر آگئے ۔