نئی دہلی ، یکم اکتوبر(ایجنسیز) ویبھو سوریا ونشی نے آسٹریلیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ وہ جو وہاں سفید گیند کی کرکٹ میں نہ کر سکے، وہ سرخ گیند کی کرکٹ میں کر دکھایا۔14 سالہ ویبھو سوریا ونشی نے آسٹریلیا میں اپنی پہلی سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ کھیلے گئے پہلے ہی انڈر19 ٹسٹ میچ میں انجام دیا۔ ویبھو سوریاونشی نے آسٹریلیا کی انڈر19 ٹیم کے خلاف صرف 78 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اس دوران انہوں نے اتنے چھکے لگائے کہ آسٹریلیا کی ان کے خلاف بنائی گئی تمام حکمت عملی رائیگاں گئی۔ ویبھو سوریاونشی نے آسٹریلیا کے خلاف37 گیندوں میں چار چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔اس کے بعد انہوں نے 78 ویں گیند پر اپنی سنچری مکمل کی جس میں سات چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز 86 گیندوں پر مشتمل رہیجس میں آٹھ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے113 رنز بنائے۔ 131.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کرنے والی یہ سنچری کسی بھی فارمیٹ میں آسٹریلیا کی انڈر19 ٹیم کے خلاف ان کی دوسری سنچری ہے۔ آسٹریلیا میں ویبھو سوریاونشی کی یہ پہلی سنچری بھی ہے۔ویبھو سوریاونشی نے آسٹریلیا کی انڈر19 ٹیم کے خلاف 78 گیندوں میں اپنی سنچری اسکورکی جو نوجوانوں کی ٹسٹ تاریخ کی چوتھی تیز ترین سنچری بن گئی۔ انہوں نے برینڈن میک کولم کا ریکارڈ بھی برابرکردیا۔ وہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کے بعد انڈر19 ٹسٹ میں 100 سے کم گیندوں پر دو سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔