سوریا پیٹ میں سب رجسٹرار آفس کا افتتاح

   

سوریا پیٹ۔/27 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ضلع سوریا پیٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد ، کوداڑ میںسب رجسٹرار دفتر کا افتتاح ، براکت گوڈم میں وینکٹیشورلو سوامی مندر کی کمپاونڈدیوار کا سنگ بنیاد اور تمرا بنڈا پالم میں بھی سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ضلع میں جنگی خطوط پر ترقیاتی منصوبوں پر کام چل رہا ہے۔ ضلع بھر میں کروڑ ہا روپئے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی اقدامات کئے گئے اور ابھی بھی کئی ایک ترقیاتی کام جاری ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ اگلے چار برسوں میں ترقی کے اعتبار سے ضلع کو ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی خصوصی توجہ کی وجہ سے ضلع بھر میں ترقیاتی کام برق رفتاری سے چل رہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کی یکسوئی فوری کریں۔ لیت و لعل میں نہ ڈالیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی کوداڑ یلم ملم یادو، چندرراؤ و دیگر قائدین موجود تھے۔