سوریا پیٹ میں ٹی آر ایس کارکن کا اقدام خودکشی

   

پسندیدہ قائد کو نائب صدر نشین بلدیہ کا عہدہ نہ دیئے جانے پر مایوس

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع سوریا پیٹ میونسپل کونسل کے نائب صدر نشین کا عہدہ اپنے قائد کو حاصل نہ ہونے سے دلبرداشتہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ایک کٹر حامی ( کارکن ) نے خودکشی کرلینے کی کوشش کرنے کا واقعہ سوریا پیٹ میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کونسل سوریا پیٹ کیلئے منعقدہ انتخابات میں بلدی وارڈ نمبر 5 سے انتخابی مقابلہ کرکے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سینئر قائد پاشاہ بھائی نے زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ علاوہ ازیں میونسپل کونسل سوریا پیٹ کے انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو اکثریت حاصل ہونے کے پیش نظر میونسپل کونسل سوریا پیٹ پر گلابی پرچم لہرائے جانے کے نتیجہ میں ٹی آر ایس میونسپل کونسلر پاشاہ بھائی کو نائب صدر نشین عہدہ حاصل ہونا یقینی ہوگا تھا اورسبھی قائدین و کارکنان تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بھی اس بات کا مکمل بھروسہ ہوچکا تھا کہ نائب صدر نشین بلدیہ کا عہدہ پاشاہ بھائی کو حاصل ہوگا۔ لیکن آخری لمحہ میں پاشاہ بھائی کو نائب صدر نشین کا عہدہ حاصل نہ ہونے پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ایک کٹر حامی نے دلبرداشتہ ہوکر مکان میں داخل ہوکر اپنے جسم پر پٹرول چھڑک کر خودکشی کرلینے کی کوشش کی۔ ٹی آر ایس کے ورکر کی اس کوشش پر سوریا پیٹ مستقر ٹاؤن میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے حالات پر قابو پانے کے اقدامات کئے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین اور کارکنوں نے خودکشی کرلینے کی کوشش کرنے والے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارکن کو فوری طور پر مقامی ہیڈکوارٹر ہاسپٹل منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شدید جھلس جانے والے ٹی آر ایس کارکن کی صورتحال تشویشناک بتائی جاتی ہے۔