سوریا پیٹ میں ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر اور ڈی ایس پی کا تبادلہ

   

کورونا کیسس میں اضافہ پر حکومت کی کارروائی، سرفراز احمد انچارج مقرر
حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) سوریا پیٹ ضلع میں کورونا پازیٹیو کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے صورتحال سے نمٹنے میں تساہل پر حکومت نے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر اور ڈی ایس پی کا تبادلہ کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رنجن کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ ڈاکٹر وی سامبا سیوا راؤ کا تقرر کیا گیا۔ حکومت نے ضلع میں پازیٹیو کیسس میں اضافہ کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئی اے ایس عہدیدار سرفراز احمد کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ۔ سابق میں وہ کریم نگر کلکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فی الوقت وہ کمشنر اکسائز کے عہدہ پر فائز ہیں۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی ڈائرکٹر جی وینو گوپال ریڈی کو سوریا پیٹ میونسپالٹی کا انچارج عہدیدار مقرر کیا گیا ہے ۔ وہ سابق میں نلگنڈہ ، کھمم اور کریم نگر میونسپل کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سوریا پیٹ کے ڈی ایس پی ایم ناگیشور راؤ کا تبادلہ کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے احکامات جاری کئے۔ ان کی جگہ حیدرآباد اسپیشل برانچ کے اے سی پی ایس موہن کمار کو مقرر کیا گیا ہے۔ ناگیشور راؤ گزشتہ ڈھائی سال سے اس عہدہ پر فائز تھے۔ انہیں ڈی جی پی آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔