سوریاپیٹ:آندھر ا۔تلنگانہ بین ریاستی سرحد پر ضلع سوریاپیٹ کے راما پورم میں بھاری مقدار میں گانجہ ضبط کیا گیا۔ایس پی ضلع سوریاپیٹ راجندر پرساد آئی پی ایس نے کوداڑ رورل سی آئی آفس میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ 20 لاکھ روپئے مالیت کا 102 کیلو گانجہ ضبط کیا گیا۔ایس پی نے بتایا کہ ملزمین کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے۔ عارف خان، شیخ ارشاد خان، کرن رامبھاو اور دیپک ونئے شیلیش کو حراست میں لے لیا گیا۔ضلع ایس پی راجندر پرساد نے کوداڑ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ممنوعہ نشہ آور اشیاء اور مضر صحت تمباکو وغیرہ کے انسداد کے لئے ایسے ہی سرعت کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ ایس پی نے کہا کہ متحرک پولیس ملازمین کو انعامات دئیے جائیں گے۔اس موقع پر کوداڑ رورل سی آئی کے سیوارام ریڈی، ایس آئی بی سائی پرشانت، اے ایس آئی رویندر اور ملازمین اے غنی، وینکٹارائنا، بالاجی، چندر شیکھر ودیگر موجود تھے۔