سوریا پیٹ کے نیروڈو چرلہ میونسپلٹی پر ٹی آر ایس کا قبضہ کانگریس کا احتجاج، اتم کمار ریڈی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سوریا پیٹ ضلع کے نیروڈو چرلہ میونسپلٹی کے صدرنشین کے انتخاب کے بارے میں جاری تعطل آخرکار ختم ہوگیا۔ٹی آر ایس نے صدرنشین اور نائب صدرنشین کے عہدوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ صدرنشین کے عہدہ پر جیہ بابو اور نائب صدرنشین کی حیثیت سے سری لتا کا انتخاب کیا گیا۔ الیکشن کے سلسلہ میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا ۔ کانگریس نے لمحہ آخر میں بااعتبار عہدہ ارکان کی فہرست میں ٹی آر ایس کے رکن کونسل سبھاش ریڈی کے نام کی شمولیت پر اعتراض کیا۔ دونوں پارٹیوں میں تصادم کے سبب صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا ۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ میونسپلٹی کے صدرنشین کے عہدہ کے لئے کل انتخاب مقرر تھا لیکن ٹی آر ایس ارکان کی ہنگامہ آرائی کے سبب انتخاب کو آج کیلئے منتخب کیا گیا تھا ۔ کانگریس نے حلف برداری تقریب سے واک آؤٹ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے بااعتبار عہدہ ارکان کی فہرست میں تبدیلی پر تنقید کی ۔ سبھا ریڈی اور وینکٹیشورلو کے ناموں پر اعتراض کیا گیا ۔ اتم کمار ریڈی اور رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ سمیت دیگر قائدین نے دھرنا منظم کیا ۔ پولیس نے حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ واضح رہے کہ کل سے صدرنشین کے انتخاب پر تنازعہ جاری ہے ۔ منتخب ارکان کی تعداد کے اعتبار سے کانگریس کو اکثریت حاصل ہے لیکن ٹی آر ایس نے بااعتبار عہدہ ارکان کی فہرست میں ارکان پارلیمنٹ اسمبلی اور کونسل کو شامل کراتے ہوئے اکثریت ثابت کی ۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن پر حکومت کے ساتھ ملی بھگت کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ 25 جنوری کو ووٹرس کی فہرست تیار کی گئی اور اعلامیہ کی اجرائی کے بعد فہرست میں تبدیلی کا کسی کو اختیار نہیں ہے۔